ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / معروف سماجی کارکن ڈاکٹر رام پُنیانی کی بھٹکل آمد ؛ انجمن اور جامعہ اسلامیہ کے ذمہ داران سے ملاقات

معروف سماجی کارکن ڈاکٹر رام پُنیانی کی بھٹکل آمد ؛ انجمن اور جامعہ اسلامیہ کے ذمہ داران سے ملاقات

Mon, 17 Apr 2017 13:17:46    S.O. News Service

بھٹکل 17/ اپریل (ایس او نیوز)  معروف سماجی کارکن، فلاسفر،امن کا پیامبر، ادیب اور تاریخ دان ڈاکٹر رام پُنیانی جو اتوار کو بھٹکل مسلم فیڈریشن کی دعوت پر بھٹکل تشریف لائے تھے، بھٹکل کے مختلف اداروں کا دورہ کرنے اور ذمہ داران سے ملاقات سمیت بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے زیراہتمام نوجوانوں کے ورکشاپ اور عوامی اجلاس سے خطاب کرنے کے بعد وہ آج پیر صبح واپس ممبئی  روانہ ہوگئے۔

بھٹکل میں آمد کے دوران ڈاکٹر رام پنیانی نے بھٹکل کا معروف تعلیمی ادارہ انجمن حامئی مسلمین کے دفتر اور کالجوں کا دورہ کیا اور تعلیمی صورتحال سے واقفیت حاصل کی، گرلز کالج کی نئی اور شاندار عمارت پر انہوں نے ذمہ داران کی تعریف کی اورتعلیم کے میدان میں یہاں کی خواتین کی  بھی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے اُن کے گریجویشن اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے پر کافی سراہنا کی۔  اسی کے ساتھ وہ جنوبی ہندوستان کے سب سے معروف درسگاہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کا بھی دورہ کیا اور ذمہ داران سے ملاقات کرتے ہوئے شعبہ حفظ اور لائبریری پہنچ کر طلبہ سے بھی ملاقات کرتے ہوئے حافظ قران کے طلبا اور استاذ سے قران کی آیتیں  سماعت فرمائیں۔ جامعہ کے خوبصورت کیمپس، تعلیمی نظام ، ہوسٹل وغیرہ کے تعلق سے جانکاری حاصل کرتے ہوئے انہوں نے یہاں کے انتظامات کو بہترین قرار دیا ۔ یہاں سے موصوف نے مولانا علی میاں ندوی اسلامک اکیڈمی کا دورہ کیااور اکیڈمی کے ذریعے اسلام کے خلاف غیر مسلمانوں میں پھیلی  غلط فہمیوں کے دور کرنے کی ہورہی کوششوں پر مولانا الیاس جاکٹی ندوی کی ستائش کی  اور کہا کہ پورے ملک میں ہندئوں اور مسلمانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے جس طرح بھی ممکن ہو کوششیں ہونی چاہئے اور ایک دوسرے میں پھیلی غلط فہمیوں کو دور کرنے بڑے پیمانے پر کوششیں ہونی چاہئے۔

بھٹکل کے تعلق سے ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر پنیانی نے کہا کہ بھٹکل کو دہشت گردوں کا اڈہ اور نہ جانے کیا کیانام دے کر بدنام کیاجارہا ہے۔بھٹکل کو غلط رنگ دے کر کیوں پیش کیاجاتا ہے، اس کا سبب یہاں آنے کے بعد پتہ چلا ۔ ڈاکٹر رام پنیانی کے مطابق  یہاں کے مسلمانوں میں پائی جانے والی خوشحالی اور مسلمانوں کے مالی طور پر بے حد مستحکم  ہونے پر ہی اس شہر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شدت پسند زعفرانی تنظیموں کو یہ بات ہضم ہی نہیں ہوتی کہ مسلمان خوشحال رہیں اور مالی طور پر مستحکم رہیں۔

بعد نماز عصر موصوف مینگوفارم میں منعقدہ نوجوانوں کے ورکشاپ پہنچ کر ایک گھنٹہ خطاب فرمایا جس میں انہوں نے تفصیل سے بتایا کہ اس ملک میں کس طرح ہندو اور مسلمان ایک ساتھ رہتے آئے ہیں اور اب کس طرح اس ملک کے ہندئوں اور مسلمانوں میں تفریق کے بیچ بوئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے طلبہ کے پوچھے گئے مختلف سوالوں کے بھی بہترین انداز میں جوابات دئے اور ملک میں پائی جانے والی صورتحال کے تعلق سے سنگھ پریوار کے ذریعے پھیلائی جانے والی افواہوں کو تاریخ کے حوالوں سے غلط ثابت کرکے دکھایا۔

رات قریب دس بجے موصوف ڈاکٹر رام پنیانی نے نوائط کالونی تنظیم گرائونڈ میں منعقدہ  عوامی اجلاس سے بھی بہترین خطاب کیا، جہاں ایک طرف ہزار سے زائد لوگ ان کے خطاب سے فیضیاب ہوئے، وہیں ہزاروں لوگوں نے ساحل آن لائن کے ذریعے پیش کئے گئے لائیو پروگرام سے بھی مستفید ہوئے۔


Share: